ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرکزی حکومت آر ایس ایس چلارہا ہے، راہل کانگریس اقتدار پر آئی تو جی ایس ٹی کا واحد سلیب ہوگا، کانگریس صدر کا شاندار استقبال

مرکزی حکومت آر ایس ایس چلارہا ہے، راہل کانگریس اقتدار پر آئی تو جی ایس ٹی کا واحد سلیب ہوگا، کانگریس صدر کا شاندار استقبال

Thu, 05 Apr 2018 10:09:57    S.O. News Service

بنگلورو؍داونگیرے،4؍اپریل(ایس او نیوز) کانگریس صدر راہل گاندھی نے آج کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) حکومت نے جی ایس ٹی کو زیادہ پیچیدہ کرکے متعارف کیا اور ملک میں غیر ضروری نوٹ بندی کی جس کے نتیجہ میں معیشت بری متاثر ہوئی اور ملک میں روزگار کے مواقع بھی متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت معیشت اور ٹیکس پر ماہرین کی رائے سننے سے احتراز کررہی ہے اور ملک میں حال ہی کے بینگنگ گھپلے اس کی بڑی مثال ہیں۔ ریاست کرناٹک میں انتخابی مہم کے پانچویں مرحلہ کے دورہ کے دوسرے دن داونگیرے میں تاجروں اور عوام سے تبادلہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بینکنگ نظام کو صرف15تا20تاجروں کے حوالے کردیاہے۔ عام تاجروں(ایس ایم بز)کی خواہشات کو نظر انداز کیاہے۔ جو حقیقی معنوں میں ملازمت کے مواقع پیداکرنے والے ہیں۔ حکومت کے اس قدم سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری میں اضافہ ہواہے اور معشیت تباہ ہوئی ہے۔راہل نے کہا کہ بی جے پی نے بڑے تجارتی اداروں کے مفاد میں پالیسیاں تیار کی ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر یہ بھی الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی آسان بنانے کی بجائے مودی حکومت نے اسے پیچیدہ اور گبرسنگھ ٹیکس بنادیاہے۔ کانگریس کا اس بات پر یقین ہے کہ جی ایس ٹی کو آسان بناتے ہوئے چھوٹے اوسط درجہ کے تاجروں کو بااختیار بنایاجائے۔

جی ایس ٹی آسان بنایاجائے گا: صدر کانگریس نے کہا کہ2019کے عام انتخابات میں کانگریس کے برسراقتدار آنے پر موجود جی ایس ٹی کے نظام کو منسوخ کرتے ہوئے اسے آسان بتائے گی۔ وہ ٹیکس کا واحد سلیب بنائی گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس اقتدار پر آئے گی تو روزانہ عوام کے استعمال والی اشیاء پر تمام طرح کے ٹیکس مستثنیٰ قرار دےئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ کانگریس کے پاس جی ایس ٹی کے2 نظریہ ہیں۔ ہم اسے آسان بناناچاہتے ہیں۔اس بات کو بھی یقینی بناچاہتے ہیں کہ اس کا واحد سلیب ہو۔ مودی حکومت نے اس کو زیادہ پیچیدہ بنادیاہے جو سوڈان اور پاکستان کے موجودہ جی ایس ٹی سے بھی بدترہے۔ اس کو دنیا کے بد ترین ٹیکس کے طورپر دیکھاجارہاہے۔

نوٹ بندی کا اثر: راہل نے بتایا کہ نوٹ بندی نے ہندوستانی معیشت کے مختلف شعبوں کو متاثر کیاہے اور ملازمتوں کے مواقع عملاً رک گئے ہیں۔ چین نے ایک دن میں50ہزار ملازمتیں پیدا کی ہیں لیکن مودی حکومت24گھنٹوں میں450مواقع ہی فراہم کرتی رہی کیونکہ حکومت نے’’ ایس ایم بز‘‘ اور زرعی شعبہ کی بہبود کو نظر انداز کردیاہے۔ زرعی اشیاء پر ٹیکس عائد کرنے اورفوڈ پروسیسنگ کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ملازمتوں سے لوگ محروم ہوئے ہیں۔ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی چھوٹے اور اوسط تاجروں پر شدیدحملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ در اصل قومی جمہوری محاذ(این ڈی اے ) حکومت بی جے پی نہیں بلکہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس) چلارہاہے۔ آر ایس ایس ہی کی ہدایت اور ایماء پر مرکزی حکومت اپنے فیصلے کرتی ہے۔ راہل نے کہاکہ ہرکابینی وزیر کے دفتر میں آر ایس ایس کا ایک نمائندہ بیٹھا ہے جو وزیر کو احکامات دے رہاہے۔بی جے پی اور کانگریس میں یہی فرق ہے۔ ان کی سوچ ہے کہ ہندوستان تمام کا نہیں ہے جبکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہر طبقہ صحت مند سماج بنانے کے لئے آگے آئے، ہمیں تمام ریاستوں ،زبانوں،تہذیب اورثقافت پر فخر ہے ۔

سدگنگا مٹھ میں راہل:  ٹمکورسے ہمارے نامہ نگار منیراحمد نے اطلاع دی ہے کہ راہل گاندھی کی آمد پر شری سدگنگا مٹھ کو بھکتوں کے لئے شام کے پانچ بجے تک بند کردیاگیا۔ سارے مٹھ کو دلی کی ایس جی پی نے اپنے گھیرے میں لے لیا۔ چاروں طرف سخت پہرہ تھا، راہل گاندھی ایک گھنٹہ دیر سے ٹمکور یونیورسٹی پہنچے جہاں وزیراعلیٰ سدارامیا، نگراں وزیر جئے چندرا، ٹمکور کے رکن اسمبلی رفیق احمد ،کے این راجنا، مدہنومے گوڈا وغیرہ نے استقبال کیا۔یہاں سے وہ سیدھے شری سدگنگا مٹھ پہنچے ،جہاں شری شری شیو کمار سوامی جی نے انہیں آشیردیا۔مقدس منتروں کے جاپ میں’’اکشتا کال‘‘ ان کے سرپر اچھالے،شال پوشی کی اپنی تصویر انہیں دی۔ راہل گاندھی نے ان کے 111ویں سالگرہ پر111گلابوں کا گلدستہ اور شال پیش کیا۔ چھوٹے سوامی سدلنگا سوامی جی نے بات چیت کی۔ جب وہ رخصت ہوئے تو خود مٹھ والے حیرت زدہ رہ گئے کہ خود سوامی جی نے باہر بس تک آکر راہول گاندھی کو خوشی خوشی وداع کیا۔ یہاں سے کیاتسندرا سے روڈ شو شروع ہوا۔ لوگوں کا ایک سمندرتھا کہ کانگریس زندہ باد،راہل زندہ آباد،سدارامیا زندہ باد کے نعرے بلند کررہے تھے۔ چاروں طرف سے پھولوں،پھول کے ہاروں کی ایک برسات راہل پرلوگ کررہے تھے۔ راہل کی بس کے سامنے، ڈی کے شیوکمار،وزیر برائے ایندھن ضلع کے نگراں وزیر ٹی بی جئے چندرا، ڈاکٹر رفیق احمد، کے این راجنا وغیرہ چل رہے تھے۔ عوام ان کیلئے بھی نعرے بلند کررہے تھے، ٹاؤن ہال سرکل پر کانگریس صدر نے چندمنٹ کے لئے عوام سے خطاب کرتے ہوئے مودی سرکارپر کھل کر حملے کئے اور سدارامیا سرکارکی تعریف کی۔ انہوں نے کہا مودی سرکار جھوٹے وعدے کرنے والی سرکار ہے۔ اس سرکار نے اپنا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔
 


Share: